رسائی کے لنکس

logo-print

پیدل چلنے کے دوران ٹیکسٹ کرنے سے جان بھی جا سکتی ہے


سمارٹ فون نے انسانی زندگی میں جہاں آسانیاں پیدا کی ہیں وہاں اس سے کچھ مسائل نے بھی جنم لیا ہے، جن میں سے کئی ایک انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں۔

آپ کو یہ جان کر یقیناً تشویش ہوگی کہ 2013 میں سمارٹ فونز نےصرف امریکہ میں 4109 زندگیوں کو نگل لیا۔ اس سے دو سال پہلے سمارٹ فون کے استعمال کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4432 تھی جب کہ اسی عرصے میں 69000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

اس سلسلے میں تازہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر حادثے نیویارک، لوس اینجلس اور شکاگو میں ہوئے کیونکہ ان گنجان آباد شہروں میں پیدل چلنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی میں ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مہلک حادثوں کا شکار ہونے والوں کی عمریں 16 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ اسی سلسلے میں نیویارک کی سٹونی بروک یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق پیدل چلتے ہوئے سمارٹ فون کی سکرین استعمال کرنے کی صورت میں راستہ بھٹک کر سڑک پر آنے کا امکان 61 فی صد ہوتا ہے۔

بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم ’سیف کڈز ورلڈ وائیڈ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ سڑک کے حادثوں میں ہلاک اور شدید زخمی ہونے والوں میں 50 فی صد 15 سے 19 سال کی عمروں کے نوجوان ہوتے ہیں۔ زیادہ تر حادثات اس وقت ہوئے جب فون پر نظریں جمائے وہ بے دھیانی میں فٹ پاتھ سے سڑک پر آ گئے۔

پیدل چلتے ہوئے سمارٹ فون پر ٹیکسٹنگ اور انٹرنیٹ میں تاک جھانک صرف امریکہ کے نوجوانوں کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ دوسرے ممالک بھی اس سے منسلک حادثات کا ہدف بن رہے ہیں۔

ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، اس وقت دنیا بھر میں موبائل فون صارفین کی تعداد دو ارب 70 کروڑ سے زیادہ ہے، جن میں سے اکثر کے پاس سمارٹ فون ہیں۔ تاہم، اکثر ملکوں میں پیدل چلنے کے دوران سمارٹ فون کے استعمال کے نتیجے میں حادثات پر ڈیٹا اکھٹا نہیں کیا گیا اس لیے امریکہ سے باہر کی صورت حال کا علم نہیں ہے۔ تاہم، حادثات کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں بھی سمارٹ فون کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کام کے پچھلے سال کی رپورٹ کے مطابق، ملک میں موبائل فونز کی تعداد 15 کروڑ سے زیادہ تھی، جن میں بڑی تعداد میں سمارٹ فون بھی شمال تھے۔ اعداد و شمار نہ ہونے کی وجہ سے یہ تو معلوم نہیں ہے کہ پاکستان میں پیدل چلنے کے دوران سمارٹ فون کے استعمال سے منسلک حادثات کی تعداد کیا ہے۔ لیکن، اس کا امکان موجود ہے، کیونکہ وہاں کے اکثر شہر گنجان آباد ہیں اور سڑکوں پر بڑی تعداد میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کی بھی بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے۔ اس طرح کے ماحول میں پیدل چلتے ہوئے ٹیکسٹنگ یا فون کی سکرین پر فیس بک یا کسی اور انٹرنیٹ سائٹ پر تاک جھانک بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کو یہ اپنی زندگی کا اصول بنا لینا چاہیے کہ پیدل چلنے کے دوران سمارٹ فون کی سکرین کو کسی صورت استعمال نہیں کریں گے، کیونکہ کوئی ٹیکسٹ میسج یا نوٹیفیکشن آپ کی زندگی سے زیادہ اہم نہیں ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG